آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت الیکشن تک کیلئے کر رہے ہیں، عمران خان

لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ کارکنوں اور لیڈر شپ کی گرفتاریوں کے باوجود ملک کی خاطر آئی ایم ایف اور حکومت کے معاہدے کی حمایت کر رہے ہیں کیوں کہ تین ارب ڈالر نہ ملنے کی صورت میں ملک کو ڈیفالٹ کا سامنا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے  سوشل میڈیا پر اپنے خطاب میں کہا کہ اگر تین ارب ڈالر کا قرضہ نہیں ملتا تو ملک کو ڈیفالٹ کا خدشہ ہے۔ اگر پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا ہے تو مہنگائی اور زیادہ ہو جائے گی۔ہم نے آئی ایم ایف کو کہا کہ ہم اس وقت تک اس معاہدے کی حمایت کرتے ہیں جب تک الیکشن کے بعد نئی حکومت نہیں آ جاتی جو پھر سے آئی ایم ایف سے بات چیت کرے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے وقت ہماری مدد نہیں کی لیکن آج ہم حکومت کی مدد کر رہے ہیں کیوں کہ آئی ایم ایف کو تمام جماعتوں کا اتفاق رائے چاہیے۔ ہم صرف ملک کی وجہ سے مدد کر رہے ہیں حالانکہ ہمارے دس ہزار کارکن جیل میں ہیں۔ ہماری لیڈر شپ پر کیس ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود کیوں کہ ہمارے ملک کو نقصان نہ ہو، ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ ہم آئی ایم ایف سے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی حمایت کرتے ہیں تب تک جب تک الیکشن نہیں ہوتے۔ آئی ایم ایف کو بتایا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ جاتا، معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔

More Stories
بارشوں سے 76 افراد جاں بحق ہوئے، این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی