پی ٹی آئی کا ہفتے کو پورے ملک میں پرامن احتجاج کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہفتے کو پورے ملک میں پرامن احتجاج کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہفتے کو پورے ملک میں پُرامن احتجاج کریں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، جو جماعتیں سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی وہ بھی احتجاج میں شرکت کریں۔

اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  گوہر خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا ہر فورم پر دفاع کریں گے، جو جماعت 20 سیٹیں مشکل سے جیت سکی، اس کو حکومت دی جا رہی ہے، الیکشن نے عوام کی آزادی کا تعین کرنا تھا۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو الیکشن سے متعلق بریفنگ دی، ریکارڈ کے مطابق تحریک انصاف 180 سیٹیں جیت چکی ہے، ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ ہم پاور پولیٹکس نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی سے مذاکرات ہوئے ہیں نہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا عوام کا آئینی و قانونی حق ہے، گرفتاریاں نہیں ہونی چاہیئں، درخواست ہے یہ مختصر کیسز ہیں یہ 70 حلقوں کے کیسز پر جلد فیصلہ ہو۔

اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام پیغامات بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھے، بانی پی ٹی آئی نے دو ٹوک مؤقف اپنایا ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے ساتھ پاور شیئرنگ نہیں کریں گے، یہ مینڈیٹ پر صرف ڈاکا نہیں پڑا، عوام کی آزادی کو سلب کیا گیا۔

More Stories
حکومت اور ٹی ایل پی کے مذاکرات کامیاب، تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان