آفیشل سیکرٹ ایکٹ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

اسلام آباد : آفیشل سیکرٹ ایکٹ سائفر کیس کے پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اس مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں ان دونوں ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی جس دوران ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک کا کہنا ہے کہ ان کے موکل اور عمران خان دونوں نے چارج شیٹ پر دستخط نہیں کیے اور سماعت کل تک کیلئے ملتوی ہوچکی ہے۔ ان خبروں پر حیرت ہے کہ دونوں پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔ وکلا کی جانب سے ایک بار پھر اس ٹرائل کو چیلنج کیا جائے گا۔

دونوں ملزمان پر فرد جرم ان کے وکلا کی موجودگی میں پڑھ کر سنائی گئی جبکہ اس مقدمے کے دو پراسیکوٹرز بھی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے پراسیکوٹرز کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر تین گواہوں کے بیانات قلمبند کروائیں۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت 14 دسمبر کو ہوگی۔

اس سے پہلے خصوصی عدالت نے ان دونوں ملزمان پر 23 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے جیل میں ہونے والی اس مقدمے کی سماعت کے خلاف عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اس مقدمے کے ٹرائل کو کالعدم قرار دیا تھا اور متعقلہ عدالت کو از سر نو اس مقدمے کی سماعت کرنے کا حکم دیا تھا۔

More Stories
جی ڈی اے کا جام شورو ٹول پلازہ پر مبینہ دھاندلی پر احتجاج اور دھرنا