بھارت نے پانی چھوڑ دیا، ملک میں سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے

اسلام آباد : بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا ہے جس کے باعث دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی آمد کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے آئندہ چند گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں زیادہ بارشوں کے باعث سیلاب کا خدشہ ظاہرکیا تھا جن میں پنجاب کے دریاؤں (راوی، ستلج اور چناب) میں طغیانی سے متعلق الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کمیشن انڈس واٹر نے کہا ہے  بھارت کیجانب سے تقریباً 185,000 کیوسک پانی کا ریلہ اُجھ بیراج (دریائے راوی) سے چھوڑا جا چکا ہے، گذشتہ ریکارڈ  کو مدنظر رکھتے ہوئے، تقریباً 65,000 کیوسک اگلے 20-24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے، جسکے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے۔

ریکارڈ کے مطابق گذشتہ سال بھارت نے 173,000 کیوسک چھوڑا تھا اور جبکہ چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60,000 کیوسک جسر تک پہنچا تھا جس کی وجہ سے (دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ) پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا۔این ڈی ایم اے کی ہدایت پر متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری ہے. عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رہیں.

اس سے قبل این ڈی ایم اے نے آئندہ چند دنوں تک سیلاب کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے الرٹ میں کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیم بھرنے پر دریاؤں میں پانی چھوڑنے پر پاکستان میں سیلاب کا خطرہ ہے، دریائے چناب، راوی اور ستلج اور ان سے منسلک نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلے تباہی مچا سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ موسمی صورتحال مختلف موسمیاتی ماڈلز کے مطابق شمالی/شمال مشرقی پنجاب بشمول لاہور، سیالکوٹ و نارووال میں شدید گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے، سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، بدین، بینظیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ ادارے کے مطابق بارش کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک سیلاب کے امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی۔

این ڈی ایم اے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور محفوظ رہیں۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمال، شمال مغربی پنجاب بشمول لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

اسی طرح سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، بدین اور شہید بے نظیرآباد کے علاوہ شمال مشرقی بلوچستان میں سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ ، خضدار، بارکھان، لورا لائی، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ کے علاوہ خیبر پختونخوا میں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مالم جبہ اور بالاکوٹ میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔

More Stories
فلسطینی جوڑے نے جنگ زدہ غزہ کی پٹی کے پناہ گزین کیمپ میں شادی کرلی