قرآن پاک کی بے حرمتی پر سویڈن کے ناظم الامور کی طلبی، مختلف شہروں میں احتجاج

قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سویڈن کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ کے دوران قران پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر شدید مذمت کی گئی اور تحفظات کا اظہار کیا، پاکستان کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا، سویڈن کے سفیر اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف شہریوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، شرکاء نے سویڈن کی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

حیدرآباد میں بھی سنی تحریک کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج کیا گیا، حیدر چوک کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، اس دوران سویڈن کا پرچم نذر آتش کیا گیا۔

مردان میں میسحی برادری نے سویڈن کیخلاف احتجاج کیا، درجنوں مسیحیوں نے سینٹ پال سرحدی چرچ سے گائیڈ چوک تک ریلی بھی نکالی، شرکاء نے سویڈن کیخلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی سے تمام مذاہب کے ماننے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

سرگودھا میں فیسکو پیغام یونین کے زیر اہتمام قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے سویڈن کا قومی پرچم نذر آتش کیا اور سویڈش حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سویڈش سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

اٹک میں انجمن تاجران نے احتجاجی ریلی نکالی جو چوک فوارہ سے شروع ہوکر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف تحریریں درج تھیں، مظاہرین نے سویڈش حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔

More Stories
ایم پی او آرڈر کالعدم : اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو رہا کرنے کا حکم