پی ٹی آئی 28 جنوری سے پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی

اسلام آباد : عام انتخابات سے قبل کھلے عام عوام میں جانے اور باہر نکل کر انتخابی مہم چلانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار 28 جنوری کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔قوم اڈیالہ جیل میں بے گناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی انتخابات پر جبر و فسطائیت اور بدترین دھاندلی کے گہرے بادلوں کے باوجود تحریک انصاف جمہوری انداز میں ملک کو دستور و قانون کیطرف لے جانے کی کوششیں کررہی ہے۔عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکے کی تمام تر کوششیں عوام کی تائید و معاونت سے ہی کامیاب بنائیں گے۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا حق ہمیں دستور دیتا ہے، ریاستی مشینری آئین کا احترام کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ دستور کی بالادستی کو یقینی بنائے۔خوف اور غلامی کے بت توڑ کر نکل رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔

More Stories
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو اپنی ہی پارٹی کے اندر سے بغاوت کا خطرہ، اسرائیلی میڈیا