عمران خان کی گرفتاری :  پی ٹی آئی نے ملک گیر پر امن احتجاج کی کال دے دی

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں توشہ خانہ کیس کے فیصلے اور عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس میں توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے فیصلے اور چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دے دی۔ تحریک انصاف اپنے چیئرمین کی تلقین و ہدایات کی روشنی میں مکمل طور پر پرامن اور آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی عدالتِ عظمیٰ سے تحریک انصاف کی نظرِثانی درخواست کی بلاتاخیر سماعت کی بھی اپیل کرتی ہے۔ ٹھوس شواہد کے باوجود ایک متعصب جج کے نہایت ناقص فیصلے کو پوری قوم نے مسترد کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی طے شدہ منصوبے کے تحت گرفتاری پر پوری قوم میں شدید ردِعمل کی کیفیت ہے۔تحریک انصاف کور کمیٹی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ چیئرمین عمران خان کے خلاف فیصلے کی اپیل پر بلاتاخیر سماعت کرے۔

کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کے ذمہ داران چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں سفاک امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں گرفتار ہوئے بغیر سیاسی و تنظیمی حکمتِ عملی آگے بڑھائیں گے۔

More Stories
عمران خان کی کوئٹہ میں درج قتل کے مقدمے میں تین جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور